Notes

آؤ اردو میں تحریر کریں

Edit on GitHub

Misc.
4 minutes

مجھے ہمیشہ سے مختلف زبانیں سیکھنے اور بولنے کا شوق رہا ہے۔ اس وقت میں روانی کے ساتھ تین زبانیں بول سکتی ہوں۔۔ اردو ،انگریزی اور پنجابی۔ اس کے علاوہ میں ان دنوں عربی اور فرانسیسی سیکھ رہی ہوں۔

عربی اور فرانسیسی آن لائن سیکھنے کے لئے عربی اور فرانسیسی ٹائپ کرنا بھی ضروری ہے۔ اور اسکے لئے آپ کو الگ سے کیبورڈ لےآؤٹ* انسٹال کرنا پڑتا ہے۔ جیسے ہی میں نے یہ کام کرنا سیکھا میرا اگلا قدم اردو لے آؤٹ انسٹال کرنا تھا۔ اور اس دن سے ہی میں روز کچھ نا کچھ اردو میں ٹائپ کرتی ہوں تاکہ میری اردو میں ٹائپ کرنے کی رفتار اور حروف کی پہچان بہتر ہو سکے۔

یہ پوسٹ (خط؟) اردو میں صرف اس لئے لکھی گئی ہے تاکہ میں یہ ثابت کر سکوں کہ ایک تو یہ کہ مجھے اردو میں ٹائپ کرنا آتا ہے اور مجھے اپنی زبان پہ فخر ہے۔ اور دوسرے یہ کہ اردو میں لکھنا اور آن لائن ویب سائٹ بنانا ممکن ہے۔

بہت برے لگتے ہیں مجھے وہ لوگ جو انگریزی صرف رعب جمانے کے لئے بولتے ہیں، جیسے انگریزی بولنے کا مطلب ہے انکی بات زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ ہر کوئی ایسے نہیں کرتا، مگر بہت سے لوگ کرتے ہیں۔ اور انگریزی بھی ایسی شاہکار کہ خود انگریز کو بھی سمجھ نہ آئے۔

اسکے علاوہ اردو اور انگریزی کی کھچڑی بنانے کا بھی کافی رواج ہے۔ جب تک بعض لوگ ایک اردو جملے میں دو تین لفظ انگریزی کے نا شامل کر لیں انکی تسلی نہیں ہوتی۔ جیسے دو لفظ انگریزی کے شامل کریں گے تو زیادہ پڑھے لکھے لگیں گے۔۔ اور جب انگریزی بولنے کی کوشش کرتے ہیں تو اردو شامل کئے بغیر جملہ مکمل نہیں کر سکتے۔ اگر آپ “بیٹا ڈور کلوز کر دو” کی بجائے “بیٹا دروازہ بند کر دو” بول دیں گے تو آپ کا کیا چلا جائے گا؟ ٹوٹی پھوٹی زبانیں بولنے سے بہتر نہیں کہ کیا ایک ہی زبان فخر اور روانی کے ساتھ بول لی جائے؟

تو اردو مٰیں لکھنے کا یہ شوق اس لئے بھی ہے کہ شائد اگر ایسے لوگ اپنی زبان کو آن لائن دیکھیں تو ان کو بھی اپنی زبان پر فخر محسوس ہو۔

اردو میں لکھنے کے اور بھی کئی فائدے ہیں۔ مثال کے طور پر، اردو میں ٹائپ کی ہوئی تحریر کا ترجمہ کرنا آسان ہے۔ اگر آپ یہ تحریر کاپی کر کے گوگل ٹرانسلیٹ** میں چیک کریں گے تو آپ کو اسکا ترجمہ کسی بھی زبان میں مل سکتا ہے۔ بےشک وہ ترجمہ غلطیوں سے بھرا ہوا ہو گا مگر آپ کو کم از کم بات کا تھوڑا بہت اندازہ ہو ہی جائے گا۔ اسکے برعکس اگر آپ یہی تحریر رومن اردو میں لکھیں تو سوائے ان لوگوں کے جو اردو بولتے ہیں کسی کو کچھ سمجھ نہیں آئے گی کہ آپ نے کیا لکھا اور نہ ہی گوگل ٹرانسلیٹ میں اسکا ترجمہ کیا جا سکتا ہے۔

ہر کوئی رومن اردو بھی نہیں پڑھ سکتا۔ میری نانی اردو لکھتی اور بولتی ہیں مگر انہیں رومن اردو سمجھ نہیں آتی کیوں کہ انہوں نے انگریزی حروف نہیں سیکھے۔ ان کے زمانے میں انگریزی سکولوں میں اتنی عام نہیں تھی جتنی آج کل ہے۔ میری نانی تو خیر بزرگ ہیں، بعض اوقات لوگ ایسی عجیب رومن اردو لکھ کر بھیجتے ہیں کہ مجھے سمجھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ کیا یہ بہتر نہیں کہ وہی بات اردوحروف میں لکھ دی جائے؟

اگر آپ نے یہ پوسٹ پڑھ لی ہے اور میرے ساتھ اتفاق کرتے ہیں (نہیں بھی کرتے تو خیر ہے) ، مجھے آپکی تھوڑی سی مدد درکار ہے۔ مینے اردو میں لکھ تو دیا ہے مگر مجھے اس بات کا اندازہ نہٰیں کہ کتنے لوگ اسے پڑھ پائیں گے۔ اگر تو آپ کے کمپیوٹر پر سب تحریر صحیح نظر آ رہی ہے تو مجھے براہ مہربانی یہ بتا دیجئے کہ:

آپ کا آپریٹینگ سسٹم کون سا ہے؟ کیا آپ نے کبھی کوئی اردو سافٹ ویئر انسٹال کیا؟ اور کیا آپ یہ ساری تحریر مکمل طور پر صحیح دیکھ سکتے ہیں یا آپ کو خالی ڈبے نظر آ رہے ہیں؟َ